نالائقوں کے محسن نااہلیوں کو تحفظ نہیں دے سکتے، لیاقت بلوچ

416

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہےکہ نالائقوں کے محسن نااہلیوں کو تحفظ نہیں دے سکتے،بھارت کے سازشی اور جارحانہ رویوں پر زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔

لیاقت بلوچ نے مزیدکہا کہ  وزیراعظم عمران خان کو وزارت عظمی حاصل ہوگئی لیکن انہوں نے ملکی حالات ، خطرات اور بحرانوں کا ادراک نہیں کیا، سماجی ، اقتصادی اور سیاسی بحران بڑھتاہی گیا اب تو حکومت کے صرف اتحادی ہی نہیں پارٹی ممبران بھی نالاں ہیں ، مسئلہ کشمیر کو عملاً نظرانداز کردیا ۔

نائب امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ  عمران خان غلط فیصلوں پر ڈٹ جانے اور بے بنیاد تشریحات پر بحرانوں میں گھر گئے ہیں ۔ روٹی روز ی ، پٹرول کا حصول عوام کے لیے مشکل تر ہوگیاہے، اب یہ لاوا کہیں نہ کہیں پھٹے گا۔

  لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ فرقہ واریت بڑا فتنہ ، اسلامیان پاکستان اور پوری امت کے خلاف بڑی سازش اور زہر قاتل ہے ۔ اسلام دشمن قوتیں اسلامی تہذیب ، وحدت امت ، عقیدہ ختم نبوت اور امت کی آزادی اور وقار پر حملہ آور ہیں، اہل ایمان کو منظم بنیادوں پر آپس میں لڑایا جارہاہے ۔ علماء، مشائخ اور قومی قیادت اس آگ کو بھڑکنے سے روکیں ۔