حج درخواست گزاروں کو واجبات کی ادائیگی کا اعلان

299

سعودی عرب کی طرف سے حج محدود کیے جانے کے بعد حج 2020 کے درخواست گزاروں کو واجبات کی ادائیگی 2 جولائی سے شروع ہوگی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وزارت نے سعودی حکومت کے حالیہ فیصلے کے بعد درخواست گزاروں کو واجبات کی ادائیگی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، تمام کامیاب عازمینِ حج کو رقوم واپس کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام درخواست گذاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع کی فراہمی شروع کردی گئی ہے، حج واجبات کی واپسی کا سلسلہ 2 جولائی سے ملک بھر کے نامزد بینکوں سے شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کی طرف سے چند روز قبل اعلان کیا گیا تھا کہ امسال کوئی بیرون ملک سے شخص سعودی عرب آ کر فریضہ حج کی ادائیگی نہیں کرسکے گا جبکہ ملک میں موجود سعودی اور غیر ملکی فریضہ حج ادا کر سکیں گے اور یہ تعداد دس ہزار سے زائد نہیں ہوگی۔

ترجمان مذہبی امور کا مزید کہنا ہے کہ حج واجبات کی نقد واپسی کیلئے درخواست گزار کا بینک آنا ضروری ہے، واجبات بذریعہ بینکرز چیک لینے کیلئے صرف گروپ لیڈر کو تمام افراد کی اصل دستاویز کے ہمراہ بینک آنا ہوگا ۔

ترجمان کے مطابق متعلقہ بینک برانچ کی بندش کی صورت میں دوسری نامزد کردہ برانچ سے رقوم کی ادائیگی ممکن ہو گی، رقوم کی واپسی میں مشکل کی صورت میں وزارت کے اکاؤنٹس افسر ریفنڈ 0519208465 سے رابطہ کریں۔