پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، جاوید قصوری

116

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال سیاسی اور مذہبی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، وہ اپنی نرم مزاجی، تحمل اور بردباری کے باعث پاکستان کے تمام حلقوں میں اعلیٰ مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی اقامت دین کی جدوجہد میں گزاری۔ آج ملک و قوم اصول پسند شخصیت سے محروم ہوگئے ہیں۔ پاکستان اور اسلام کے لیے ان کا کردار ہمیشہ غیر متزلزل رہا۔ ان کی رحلت سے جماعت اسلامی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکات بھی مدبر قائد سے محروم ہوگئی ہیں۔ دریں اثنا محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ پیٹرولیم کی قیمتوںمیں کمی کے ثمرات ابھی پوری طرح قوم کو ملے بھی نہیں تھے کہ حکمرانوں نے ایک اور یو ٹرن لے لیا ہے۔ ہوشر با اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ تحریک انصاف اور اس کے حواریوں نے قوم کو بہت مایوس کیا ہے، اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملکی نظام ہی مافیا کنٹرول کررہا ہے، ادویہ ساز کمپنیاں بڑا مافیا بن چکی ہیں، مارکیٹ سے ادویات ہی غائب ہیں۔ حکومت کا کردار مایوس کن ہے۔ ہر محاذ پر موجودہ حکمرانوں کی ناکامی، نا اہلی اور ناتجربہ کاری کھل کر سامنے آگئی ہے۔ مہنگائی کے ستائے عوام کا دل تبدیلی سے بھرچکا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوامی مسائل بڑھتے چلے جارہے ہیں جبکہ حکمرانوں نے بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔