فورٹ عباس، ہارون آباد، بہاولنگر، سمہ سٹہ سیکشن پر ٹرین بحالی کا حکم

171

ہارون آباد (صباح نیوز) شیخ رشید احمد نے فورٹ عباس، ہارون آباد، بہاول نگر، سمہ سٹہ ریلوے سیکشن پر فوری طور پر ریل بحالی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ بہاول نگر، سمہ سٹہ سیکشن پر کام شروع کیا جائے۔ ساہیوال ، ملتان مین لائن کی پٹری کو بہاول نگر، فورٹ عباس سیکشن کیلیے استعمال کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ ہارون آباد، فورٹ عباس اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان پاکستان تحریک انصاف چودھری شوکت محمود بسرا نے دوسری مرتبہ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملاقات کی اور اس بات کو دہرایا کہ دیرینہ عوامی مطالبے کے پیش نظر فورٹ عباس، ہارون آباد، بہاول نگر، سمہ سٹہ ریلوے سیکشن پر ریل بحال کی جائے جس سے 30 لاکھ افراد مستفید ہوں گے، یہ سیکشن کافی عرصے سے تعطل کا شکار ہے۔ جس پر وفاقی وزیر ریلوے نے یقین دلایا کہ اس علاقے کے عوام کو بہت جلد ریل کی سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ شوکت بسرا نے بہاول نگر فورٹ عباس سیکشن کو قومی دھارے میں لانے پر وفاقی وزیر ریلوے کا شکریہ ادا کیا۔