پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کی درخواست مسترد

369

اسلام آباد:ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اسلام آہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے سماعت کی۔

سماعت کے بعد عدالت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا جو بعد ازاں سنایا گیا۔

عدالت نے 7 صفحات پر مشتمل فیصلہ سنایا، جس میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا معاملہ ایگزیکٹو کا اختیار ہے،اس معاملے میں عدالت مداخلت نہیں کرسکتی، عدالتی مداخلت حکومت کی معیشت سدھارنے کی پالیسیوں کیلئے صحیح نہیں ہوگی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت سمجھتی ہےکہ منتخب نمائندے عوام کی مشکلات کو نظرانداز نہیں کریں گے اور کوئی بھی حکومت اپنی عوام پر جان بوجھ کر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کرے گی،ہمیں اپنے منتخب کردہ نمائندوں پر اعتماد کرنا چاہیے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عوام کے منتخب نمائندے ہی پالیسیاں بنا سکتے ہیں،لہٰذا  ان وجوہات کی بنا پرعدالت درخواست مسترد کرتی ہے