جس طرح جج کو برطرف کیا گیا اس کے فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دیا جائے، مریم نواز

301

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح جج کو برطرف کیا گیا، اسی طرح اس کے فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

تفصیلات  کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد قاسم خان نے ویڈیو اسکینڈل میں ملوث احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو ملازمت سے برطرف کرنے پر ردعمل  کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے والد کی سزا بھی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ آج کا فیصلہ بے شک سچ کی فتح اور جھوٹ کی شکست ہے اور اس فیصلے نے نواز شریف پر ہی نہیں بلکہ عدل و انصاف کے دامن پر لگا ایک بڑا داغ دھودیا ہے، اللہ کا بے انتہا شکر ہے جس کے ہاں نہ دیر ہے اور نہ اندھیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب عدلیہ کے وقار اور انصاف کا تقاضہ ہے کہ داغدار جج کے داغدار فیصلوں کو بھی پھاڑ پھینکا جائے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 3 بار ملک کے وزیر اعظم رہنے والے مقبول ترین سیاست دان کی بے گناہی پر وقت کا فیصلہ آ گیا ہے،محترم جج صاحبان نے جج کی برطرفی کے ذریعے واضح کر دیا ہے کہ نوازشریف کو کس طرح سزائیں دی گئیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انصاف کبھی ادھورا نہیں ہوتا، جس طرح جج کو برطرف کیا گیا ہے، اسی طرح اس کے بدعنوان فیصلوں کوبھی کالعدم قرار دیا جائے۔