سعودی عرب میں کورونا وائرس پھیلنے کی سطح خطرناک ہے،ماہرین

537

ریاض: گلوبل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا دوسرے بلند خطرے کی حامل ہے اور سعودی حکومت کو اس وبا سے نمٹنے کے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ہارورڈ کے گلوبل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایک لاکھ کی آبادی میں اوسطا 111 کیسوں کی اطلاع دی ہے۔

ماہرین نے کہا کہ وبا کے خطرے کی اس سطح پر قابو پانے کے لیے ماہرین نے ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافے، مریضوں کا سراغ لگانے کے پروگراموں اور لاک ڈان کے اقدامات میں اضافے پر زوردیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے حال ہی میں ملک بھر میں جاری کرفیو کو اٹھا لیا ہے لیکن کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کا نفاذ جاری رکھا ہوا ہے اور روزانہ کووِڈ-19 کے ہزاروں ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے توکلنا کے نام سے ایک ایپ بھی تیار کی ہے اور اس کے ذریعے کورونا وائرس کے مریضوں کا سراغ لگایا جارہا ہے تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔