حکومت اور اپوزیشن ٹوئٹ ٹوئٹ کھیل رہی ہیں،حافظ حسین احمد

76

فیصل آباد(صباح نیوز) سابق سینیٹر اورجمعیت علما اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ حکومت ٹوئٹ پر چل رہی ہے جس کا جواب اپوزیشن بھی جوابی ٹوئٹ سے دے کر اپنا فرض پورا کر رہی ہے۔ اپوزیشن ہومیوپیتھک سے بھی ہلکی رفتار میں سیاسی ناسور کا علاج چاہتی ہے جو ناممکن ہے، جے یو آئی 2018 ء کے انتخاب کو کالعدم قرار دلوا کر نئے انتخاب چاہتی ہے، مولانافضل الرحمن کی آصف علی زرداری اور بلاول زرداری سے ملاقات اپوزیشن کو 18 ویں ترمیم و دیگر ایشوز پر لانا ہے۔ نواز شریف، شہباز شریف، آصف علی زرداری، فریال تالپور وغیرہ اپنے اوپر کیسز کو کلیئر کروانے کے لیے زور لگا رہے ہیں،بڑی جماعتوں نے ہمیں بھی دھوکا دیا۔ ہمارے اسلام آباد کے 13 دن کے دھرنے میں تو ان پارٹیوں کے لیڈرز چند لمحے حاضری لگوا کر چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ آٹا، گندم، چینی، پیٹرول، پی آئی اے، پاکستان اسٹیل جیسے معاملات پر اپوزیشن تھوڑا سا بھی اسٹینڈ لے لیتی تو حکومت اب تک اپنے پاؤں پر نہ ٹھہر پاتی۔ انہوں نے کہا چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی ملین مارچ پر مقتدر قوتوں کے نمائندے کے طور پر آئے تھے جنہوں نے اپنی انتخاب میں مداخلت کو تسلیم کرکے بجٹ تک کی مہلت لی تھی۔ مولانافضل الرحمن 18ویں ترمیم کے خاتمے کو روکنے کے لیے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔