ڈاکٹروں کے ساتھ ہتک آمیز رویے کی مذمت کرتے ہیں، پیما

98

فیصل آباد (جسارت نیوز) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے دنیاپور میں سینئر ڈاکٹر کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ہتک آمیز سلوک اور تذلیل کی شدید مذمت کی،پیماکے رہنمائوں سٹی صدر ڈاکٹر عزیر حسن، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مبشر رزاق، ڈاکٹر محمد شاہد، ڈاکٹر شفقت جاوید، ڈاکٹر خالد محمود فخر اور دیگر نے کہا کہ کورونا پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اپنی جانوںکی پروا کیے بغیر دن رات ایک کرنے والے ڈاکٹروں سے حکومت کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کا رویہ بھی انتہائی نامناسب ہے۔ سٹی صدر ڈاکٹر عزیر حسن نے کہا کہ دنیا پور کے اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ڈاکٹر کو ہراساں کیا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انتہائی تحقیر آمیز طریقے سے انہیں ڈی سی آفس لے جایا گیا اور اپنی مرضی کا بیان لکھوایا گیا، یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ کورنا وبا سے نمٹنے کے لیے ہیلتھ کیئر ورکرز اپنی جانوں پر کھیل کر لوگوںکا علاج معالجہ کررہے ہیں لیکن مبینہ طور پر پروٹوکول نہ ملنے پر اے سی دنیا پور نے بے بنیاد باتوں کو جواز بنا کر ڈاکٹر منیر چودھری کو ہراساں کیا اور ہتک آمیز رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسر شاہی کو لگام دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری واقعہ کا نوٹس لیں۔ واقعے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور اسسٹنٹ کمشنر دنیاپور کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا تدارک ہوسکے۔