پاکستان کی زرخیز زمین کو غیر ملکی طاقتیں بنجر بنانا چاہتی ہیں

102

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے ساتھ کالا باغ ڈیم کو بھی تعمیر کیا جائے۔ ملک میں پانی کے ذخائر میں مسلسل کمی سے صورتحال تشویش ناک ہوتی جارہی ہے۔ پاکستان کی زرخیز زمین کو غیر ملکی طاقتیں بنجر بنانا چاہتی ہیں۔ بھارت ہمارے دریائوں پر 62سے زائد ڈیم تعمیر کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف بھاشا ڈیم سے 12لاکھ ایکڑ سیراب، سالانہ 18ارب یونٹ بجلی پیدا، 16ہزار نوکریاں اور تربیلا ڈیم کی عمر 35سال بڑھ جائے گی، وہاں کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے پاکستان کے 50 لاکھ ایکڑ رقے کو سیراب، 5 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا جبکہ6 ملین ایکڑ فٹ پانی کو ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔ بد قسمتی سے چند افراد نے سیاسی مفادات کی خاطر قومی خوشحالی کے اس منصوبے کو متنازعہ بنا کر ظلم کیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس منصوبے پر اعتراضات کو دور کیا جائے اور حکومت اس کی تعمیر کا فوری اعلان کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بڑے ذخائر نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ کالا باغ ڈیم کی افادیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کی تینوں بڑے ڈیموں، تربیلا، منگلا، چشمہ کی مجموعی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 13ملین ایکڑ فٹ ہے جبکہ کالا باغ ڈیم اکیلے کی 6ملین ایکڑ فٹ ہے اور اس میں تین سال تک کے لیے پانی کو ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم کو خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے قومی مفادات کے منصوبوں کی تعمیر کو جلد از جلد شروع ہونا چاہیے اور انہیں بلا تفریق مکمل کیا جائے۔ ملک میں بے روزگاری کے خاتمے ، لوڈ شیڈنگ سے نجات اور فصلوں کے لیے پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سطحی اختلافات کو بھلا کر قومی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔