لاکھوں اساتذہ بدترین معاشی حالات کا شکار ہیں، ذکر اللہ مجاہد

90

لاہور (نمائندہ جسارت) پیف پارٹنر کی کور کمیٹی کے وفد نے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد سے ملاقات کی۔ پیف پارٹنر کی کور کمیٹی وفد میں میڈم نیلم فردوس، ڈاکٹر حماد حسین، واصف کھوسہ، پروفیسر غنا محمد گجر و دیگر قائدین شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے قائم پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن (پیف) کے اسکول لاکھوں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرچکے ہیں۔ پیف کی طرف سے ان بچوں کے مکمل تعلیمی اخراجات ادا کیے جاتے ہیں جبکہ اس وقت پیف اسکولز سے 32 لاکھ طلبہ اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد اساتذہ کا مستقبل وابستہ ہے اور تمام تعلیمی ادارے پنجاب کے دیہاتی اور پسماندہ علاقوں میں واقع ہیں۔ حکومت کی طرف سے ان سکولوں کو ملنے والی تمام سہولیات کی سالانہ انسپکشن اور مالیات کا مکمل آڈٹ کیا جاتا ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے جس طرح عوام دشمن پالیسیاں بنا کر غربت اور بے روزگاری میں اندھا دھند اضافہ کیا ہے اسی طرح سے ملک کے تعلیمی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ گزشتہ 6 ماہ سے پیف کے ان اسکولوں کی ادائیگی حکومت نے بند کر رکھی ہے۔ لاکھوں اساتذہ بدترین معاشی حالات کا شکار ہوچکے ہیں۔ سکول مالکان سکولوں کی بلڈنگ کا کرایہ نہ ہونے اور اپنے اساتذہ کو تنخواہیں نہ دینے کی وجہ سے معاشی اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ گزشتہ ماہ جون اور اب جولائی کی سخت گرمی اور حبس میں ہزاروں اسکولز ملکان اور پرنسپلز حضرات مال روڈ پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ پیف پارٹنر کے وفد کو امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ان کے جائزہ مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے اور وزیر تعلیم مراد راس کے ایما پر اساتذہ کی گرفتاریوں اور ریاستی طاقت کے زور پر دھرنا ختم کروانے کی کوشش کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ اس موقع پر میاں ذکر اللہ مجاہد نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 32 لاکھ طلبہ اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد اساتذہ کا مستقبل دائو پر لگا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب اس مسئلے کے حل کے لیے ذاتی طور پر اقدامات کریں۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومتی ریاستی اداروں سے بھی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور اساتذہ ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کے ساتھ کسی قسم کا ظلم اور زیادتی کو پاکستانی قوم برداشت نہیں کرے گی۔