پیٹرول بحران ٹل گیا، حکومت اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب

303

اسلام آباد:حکومت اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کےدرمیان مذاکرات  کامیاب ہوگئے ہیں ، جس کے بعد ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کے بعد ملک میں پٹرول بحران کا خدشہ ٹل گیا۔ شہرکے 60 فیصد پیٹرول پمپس پر پیٹرول کا ذخیرہ ختم ہوگیا تھا۔

وفاقی وزیر عمر ایوب اور چیئرپرسن ایف بی آر سے کامیاب مذاکرات کے بعد آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال ختم کردی، چیئرمین ایف بی آر آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انکم ٹیکس کی شرح کو 2 فیصد پر برقرار رکھا جائیگا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے میڈیا سےگفتگو کی، عمر ایوب نے کہا کہ وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن سے مذاکرات کیے، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا 8نکاتی ایجنڈا تھا،جن میں سےزیادہ تر نکات موقع پر حل ہوگئے۔

حکومتی عہدہداروں سے کامیاب مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےٹینکرز ایسوسی ایشن کے رہنما شعیب اشرف نے میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  کرایوں میں اضافہ،ودہولڈنگ ٹیکس پر ایف بی آر اوراوگرا سے مذکرات ہونگے۔

صدر آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن عابد ﷲ آفریدی نے کہا کہ کمرشل لوڈنگ کےحوالے سے پالیسی بنائی جائیگی، حکومت کی جانب سے پرانے آئل ٹینکرز کے حوالے سے ٹائم فریم دے دیا گیا ہے۔

عابد ﷲ آفریدی نے کہا کہ جب تک وائٹ پائپ لائن کا کام مکمل نہیں ہوجاتا پرانے ٹینکرز کو سپلائی ملتی رہے گی۔ مہنگائی کی شرح کو دیکھتے ہوئے کرایوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔