الخدمت دستر خوان ہوشربا مہنگائی میں غربیوں کے لیے نعمت سے کم نہیں

122

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ الخدمت دستر خوان ہوشربا مہنگائی میں غربیوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں۔ الخدمت دستر خوان سے شہریوں کو دس روپے میں تین روٹیاں اور دس روپے کا سالن فراہم کیا جارہا ہے۔ الخدمت دستر خوان مزدور دہاڑی دار اور سفید پوش طبقہ کے لیے بڑی سہولت ہے۔ 10 روپے کا سالن 10 روپے کی 3 روٹیوں کا مقصد ان لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھنا ہے جو ہاتھ نہیں پھیلانا چاہتے جن کی شہر بھر میں ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں سستے الخدمت دستر خوان کو راشن کی بڑی کھیپ فراہم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری جے آئی یوتھ پاکستان شاہد نوید ملک، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، چوہدری عبدالواحد امیر زون 173 امان اللہ خان نمائندہ بلدیات یوسی 112 منصورہ،زاہد نعیم چشتی صدر یوسی، قاسم طارق سیکرٹری یوسی،ذوالنون عبدالماجد سابق ناظم لاہور،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف و دیگر عہدیداران موجود تھے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شہر بھر میں آٹے کی قیمتوں میں چکی مالکان کا خود ساختہ اضافہ انتظامیہ کی نااہلی اور حکمرانوں کی بدترین کارکردگی ہے۔ مہنگائی ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں اور تمام اشیاء خردونوش کی قیمتیں کئی گناہ بڑھ چکی ہے۔ سفید پوش طبقہ ہوشربا مہنگائی کی وجہ سے فاقوں پر مجبور ہے۔