پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا 15اگست سے  ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

324

اسلام آباد:نیشنل ایسوسی ایشن فارایجوکیشن پاکستان کے صدر ہدایت اللہ خان نے اعلان کیا ہے کہ15اگست کو ملک بھر کے تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو کھول دیا جائے گا۔

نیشنل پر یس کلب اسلام آباد میں پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے مشترکہ پر یس کانفر نس  کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے بند کرنا آئین کےآرٹیکل 18کی خلاف ورزی ہے،جس سے 5کروڑطلبہ کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے،ہم نے حکو مت سے بار ہا مطالبہ کیا تھا کہ حفاظتی تدابیر کے ساتھ تمام تعلیمی ادارے کھولے جائیں مگر اس پر کو ئی عمل نہیں کیا گیا۔

انھوں نے کہا نوئے فیصدنجی تعلیمی ادارے کرایے کی عمارتوں میں ہیں،فیس جمع نہ ہونے کی وجہ سے ادارے کرایہ ، یوٹیلیٹی بلز دینے کی حالت میں نہیں ہیں،حکومت کے اعلان کردہ 12سو ارب روپے میں سے نجی تعلیمی اداروں کے کرایے، یوٹیلیٹی بلز اور اساتذہ کی تنخواہوں کے لیے بھی حصہ مقرر کیا جائے، جبکہ کر وناکی وجہ سے جووالدین فیس دینے کی استطاعت نہیں رکھتے حکومت والدین کی طرف سے ان بچوں کی فیس ادا کرے۔

انھوں نے کہانجی تعلیمی اداروں نے معیارتعلیم پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ہے،ملک کے بورڈز کے امتحانات میں بھی تمام پوزیشنز ہولڈرز انھی نجی تعلیمی اداروں کے ہوتے ہیں،اس لیے معیاری تعلیم مہیا کرنے پر حکومت اِن نجی تعلیمی اداروں کے لیے خصوصی گرانٹ کا اعلان کریں۔

ہدایت اللہ خان نے کہاکہ اسکولز کے بند ہونے کی وجہ سے پورے ملک میں دولاکھ سات ہزار اسکولز،پندرہ لاکھ اساتذہ اور ڈھائی کروڑ بچوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہے،کرونا وائرس سے شدید متاثر ممالک نے اپنے اپنے تعلیمی اداروں کو کھول دیا ہے،لیکن ہمارے تعلیمی ادارے ابھی تک بند ہیں۔

حکومت کے غلط فیصلے کی وجہ سے ملک میں ناقابل تلافی تعلیمی بحران پیدا ہو گا،انھوں نے کہافیسوں میں20فیصد کمی کا نوٹیفیکیشن آئین سے متصادم ہے،پرائیویٹ تعلیمی ادارے ملک میں ہزاروں غریب اور نادار طلبہ و طالبات کو مکمل فری معیاری تعلیم مہیا کر رہے ہیں،جبکہ حکومت اپنی تمام تر وسائل کے باوجود معیاری تعلیم دینے سے قاصر ہے۔