روٹی کپڑا اور مکان کی باتیں کرنے والوں نے صرف نعرے لگائے ہیں، شبلی فراز

260

اسلام اباد: وفاقی وزیربرائے اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ روٹی کپڑا اور مکان کی باتیں کرنے والوں نے صرف نعرے لگائے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ گندم اورآٹے کی قیمت بڑھنے  پر اجلاس میں  وزیراعظم کو متعلقہ وزارتوں نے بریفنگ دی ، عمران خان  نے واضح ہدایت کی کہ گندم اور آٹے کی دستیابی و فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو اپنے اثاثے ڈکلیئر کرنے چاہیئں،اثاثے ظاہر کرنے کے فیصلے کو وفاقی کابینہ نے سراہا۔

وزیراطلاعات  کا کہنا تھا کہ  کابینہ نے نیشنل ہیلتھ  ایمرجنسی ریسپانڈ ایکٹ  کی بھی منظوری دی ہے،مسودہ قانون  کا مقصد کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں وفاق اور صوبوں میں  ہم آہنگی قائم کرنا ہے کورونا وائرس کے حوالے سے حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ  پر کورونا وائرس کے بچاؤ کے قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل کرنا  ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری وقف املاک ایکٹ کی بھی منظوری دی  گئی ہے، جس میں سستے گھروں کی تعمیر میں بنکوں  کے ذریعے لوگوں کومارک اپ میں چھوٹ  دی گئی  ہے۔

انہوں نے تربت دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلام آباد سے صحافی کے مبینہ اغوا کے معاملے کی خبر کابینہ اجلاس کے بعد ملی ہے،اس معاملے پر فوری وزیر داخلہ سے ٹیلی فون پررابطہ کیا ہے،ہماری کوشش ہو گی  کہ مغوی صحافی کا جلد سے جلد پتہ چلایا جائے۔