کفار امت میں انتشار اور افراتفری چاہتے ہیں، جاوید قصوری

137

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 86 برس بعد آیا صوفیہ مسجد ترکی میں نماز جمعہ کی ادائیگی ایمان افروز واقعہ ہے۔ آیا صوفیہ مسجد میں اذانوں کا گونجنا عالم اسلام کے لیے بڑی خوشی کی بات ہے۔ ان شاء اللہ اب وہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ بھی آزاد ہوگی۔ امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کفار نے چاروں اطراف سے حملہ کر رکھا ہے، مسلمانوں پر تہذیبی و ثقافتی یلغار سے لے کر اخلاقی اقدار تک کو مسخ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ان کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ غلبہ اسلام کی جدوجہد کرنے والے کبھی مغلوب نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمیں اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ کفار امت مسلمہ میں انتشار اور افراتفری چاہتے ہیں اوراس کے لیے وہ مختلف قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ اللہ کی اس دنیا میں مسائل صرف اور صرف اللہ کا نظام ہی حل کرسکتا ہے اور صہیونی قوتوں سے نجات حاصل کیے بغیر یہ ممکن نہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ مسلم ممالک پر مشتمل ایک بلاک تشکیل دیا جائے، جو امت کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کام کرے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان پہلی ایٹمی اسلامی ریاست ہے، اس لیے کفار کی نظروں میں اس کا وجود کھٹکتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ موجود حکمرانوں نے جو پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کا وعدہ کیا اس کو پورا کیا جائے۔