لوگوں کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں، سینیٹرسراج الحق

465

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پی ٹی آئی حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آٹا چینی کی قیمتوں میں اضافہ سمیت مہنگائی نے عوام کو دن میں تارے دکھا دیئے ہیں،لوگوں کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ مرکزی نائب امراء اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، صوبائی امیر محمد حسین محنتی ودیگر صوبائی و مقامی ذمہ داران بھی ساتھ موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ  کورونا وبا میں جب لوگ خوف کے عالم میں اپنے گھروں پر محصور تھے تو جماعت اسلامی اور الخدمت کارکنان ان کی دلجوئی و خدمت میں مصروف تھے،

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مہنگائی کے خاتمے روزگار کی فراہمی اور عام آدمی کا معیارزندگی بلند کرنے تک پی ٹی آئی حکومت نے جتنے بھی وعدے کئے ان میں سے اب تک کوئی ایک بھی پورا نہیں کیا، بیرون ملک لوٹی گئی دولت کی واپسی اور احتساب کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ  عام آدمی آج بھی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے،تبدیلی کے بعد آٹا 70 روپے اور چینی90 روپے فی کلوتک جاپہنچی ہے، اسلام کا عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت ہی مسائل کا حل ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو کے پوتے کی وفات پر ان کے گھر جاکر تعزیت اور لواحقین کے لیے صبروجمیل کی دعا کی،بعد ازاں وہ لاہور روانہ ہوگئے۔