تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا‘ رانا تنویر حسین

141

شیخوپورہ(آن لائن)ن لیگی مرکزی رہنما و پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین و ایم این اے رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا،2 سالہ حکومتی کارکردگی نے ہر روز نئے بحران کو جنم دیا گیا، کبھی چینی، کبھی آٹا،کبھی گندم، کبھی ادویات اور کبھی پیٹرول غائب کرکے مافیاز کے ذریعے عوام کے جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا، ابترمعیشت اور سرکلر ڈیٹ کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رانا فارم ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راناتنویرکا کہنا تھا کہ عوام مایوس ہوچکے ہیں، ہر صورت ان نالائق،نااہل اور سلیکٹیڈ حکمرانوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔قوم پر ایسے نالائق حکمرانوں کو مسلط کیا گیاجنہیں حکومت چلانے کی کوئی اہلیت ہی نہیں ہے۔نیب اور نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا، اب تو ان کے اتحادی بھی ان سے ناراض ہیں۔ہمارے قائدین کو کو زیر حراست رکھا گیا مگرایک پائی کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔چیئرمین نیب کے پاس اپنی کرسی کے ساتھ چمٹے رہنے کااب کوئی اخلاقی جوازباقی نہیں۔انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈحکمران بے بنیاد الزامات لگا کرن لیگی قیادت کی بدنامی کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔