منشیات کی سپلائی کا جرم ناقابل ضمانت قرار دینے کا بل پیش

254

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی پر ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کا بل پیش کیا گیا،بل عظمی ریاض نے پیش کیا۔

محرک بل میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والوں کا جرم ناقابل ضمانت قرار دیا جائے، منشیات فروشی کرنے والے کو سزائے موت بھی دی جائے،اسپیکراسمبلی  نے عظمی ریاض کا پیش کردہ بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

 عظمی ریاض نے کہا کہ منشیات سے کمائی جانے والی رقم دہشت گردی میں استعمال ہورہی ہے، لہذا منشیات کی روک تھام کےلیے ضروری ہے کہ پیش کردہ بل کو منظور کیا جائے۔

سزائے موت کے خلاف اپیل کی مدت بڑھانے کا بل بھی جاوید حسنین نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا ،بل کے تحت سزائے موت کے خلاف اپیل کی مدت ایک ماہ کی جائے۔

جاوید حسنین نے کہا کہ قانون میں سزائے موت والے افراد کو اپیل کے لیے 7دن دیے جاتے ہیں، جیلوں میں لیگل ایڈوائزر نہ ہونے سے 7دن چکروں میں گزرجاتے ہیں،پارلیمانی سیکریٹری وزارت قانون نے بل کی حمایت  کی،اسپیکراسمبلی  نے بل کو قانون وانصاف کمیٹی کے سپرد کردیا۔

نیوکلیئرریگولیٹری اتھارٹی بنانے کا بل بھی قومی اسمبلی کے اجلاس  میں پیش کیا گیا ،بل تحریک انصاف کی رکن نصرت واحد نے پیش کیا،بل کے تحت نیوکلیئر سے متعلق مختلف ادارے ایک اتھارٹی کے تحت آجائیں گے۔