عید الاضحیٰ کے دوران کورونا کیسز،اموات میں خاطرخواہ کمی

367

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ میں عید الاضحیٰ کے تین دنوں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کی تعداد وبا کے آغاز سے اب تک کے مقابلے میں خاصی کم رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے روزانہ جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یکم اگست سے لے کر 3 اگست یعنی عید الاضحیٰ کے تینوں دنوں میں مجموعی طور پر کورونا کے کل 17 ہزار 432 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے صرف 666 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی پائی گئی جبکہ اس وبا میں مبتلاء 6 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

اس طرح وباء کے آغاز سے اب تک نئے کیسز ہوں خواہ اموات ہوں کسی بھی تین دن کا مجموعہ اس مجموعے سے زیادہ نہیں رہا۔ ان تین دنوں کے دورانیے میں صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 879 رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں کورونا کی تشخیص کیلئے اب تک کل 7 لاکھ 77 ہزار 468 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ 21 ہزار 705 افراد میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ تاہم ان میں سے ایک لاکھ 11 ہزار 249 افراد شفا پاچکے ہیں اس طرح صحتیابی کی مجموعی شرح 91 فیصد بنتی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے اب کل 8 ہزار 230 ایکٹیو کیسز ہیں۔ ایسے مریضوں میں سے 7 ہزار 772 اپنے گھروں میں جبکہ 449 مختلف اسپتالوں اور 9 افراد قرنطینہ مراکز میں زیر علاج ہیں۔اسپتالوں میں داخل ایسے مریضوں میں سے 365 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ان میں سے 64 مریض وینٹی لیٹرز پر منتقل کرنے پڑے ہیں۔

صوبے میں اس وباؑ کے ہاتھوں جان کی بازی ہار جانے والے افراد کی کل تعداد 2 ہزار 226 ہوچکی ہے جو سامنے آنے والے مجموعی کیسز کا ایک اعشاریہ 8 فیصد بنتی ہے۔