پاکستان کے نقشے میں کشمیر ڈالنے سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا

73

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ پاکستان کے نقشے میں کشمیر ڈالنے سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔کشمیر کی آزادی کیلیے قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار ہے۔کشمیر کی آزادی کیلیے تقریروں کے جہاد کے بجائے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام مون مارکیٹ گلشن راوی میں” یوم استحصال کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ریلی میں سیکرٹری جنرل جے آئی یوتھ پاکستان شاہد نوید ملک، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔ریلی میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیر کا پرچم لہرایا اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کشمیری مسلمانوں کی پشتی بان ہے۔مسئلہ کشمیر اسلام دشمن قوتوں کی ثالثی سے نہیں دلیرانہ اقدام سے حل ہوگا۔بھارت ایک سال سے کشمیر میں لاک ڈاون کرکے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔کورونا میں چند ہفتوں کے لاک ڈائون نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی تھی۔ مسلسل 365 دنوں کے لاک ڈاون سے کشمیری کی کیا ہوگی۔ کشمیری مسلمان اپنے مردے بھی گھروں کے صحن میں دفنا رہے ہیں۔عالمی برادری کو بے حسی ختم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں معصوم کشمیریوں کی شہادتیں اقوام متحدہ اور عالمی امن کے اداروں کے منہ پر طمائچہ ہیں۔پاکستانی حکمرانوں سمیت امریکا اورمغرب کی دوغلی پالیسی کی وجہ سے ستر سال مسئلہ کشمیر التوا کا شکار ہے۔مسئلہ کشمیر کیحل اور خطے میں پائیدار امن کے لیے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پرعمل درآمد کروانے میں مکمل ناکام ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی حل ہونے سے خطے میں پائیدار امن کا خواب پورا ہوگا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جے آئی یوتھ پاکستان شاہد نوید ملک نے کہا کہ موجود حکومت نعروں اور تقریروں سے آگے بڑھنے کو تیار نہیں ہے۔کشمیری مسلمان ستر سال سے پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں۔ حکمران مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے قرآن و سنت کی روشنی میں اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سات لاکھ فوج مسلسل ظلم کے ساتھ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکی۔جماعت اسلامی یوتھ کا ہر نوجوان کشمیری بھائیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔