قومی اسمبلی: انسداد اسمگلنگ اور محفوظ ٹرانزیکشن آرڈیننس منظور

288

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں انسداد اسمگلنگ اور محفوظ ٹرانزیکشن آرڈیننس کثرت رائے سے منظورکرلیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے انسداد اسمگلنگ آرڈیننس میں توسیع کی تحریک پیش کردی،پیپلز پارٹی کی جانب سے انسداد اسمگلنگ آرڈیننس میں توسیع کی مخالفت کی گئی۔

جبکہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں ملک میں خواجہ سراؤں پر پرتشدد حملوں سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا، توجہ دلاؤ نوٹس اسما قدیر نےایوان میں پیش کیا، جس پر پارلیمانی سیکریٹری لال چند ہلی نے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملوث لوگوں کو گرفتار کیاگیااور مقدمات عدالتوں میں ہیں، قانون سب کےلیے ہے کوئی تفریق نہیں کی جاتی، خواجہ سراؤ ں پر حملے کا معاملہ صوبائی ایشو ہے۔

اسی طرح انسداد دہشت گردی  ترمیمی بل 2020پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی قومی اسمبلی میں پیش کی گئی،رپورٹ چیئرمین کمیٹی راجا خرم شہزاد نے ایوان میں پیش کی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے 73سال پورے ہونے پر قرار داد ایوان میں متفقہ طور پر منظور کرلی گئی،قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن سردار ایاز صادق نے پیش کی، قرارداد میں قومی اسمبلی کی کارکردگی اور خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی ملک میں جمہوریت اور آئین کی سربلندی کی علامت ہے،قومی اسمبلی ملک میں اتحاد کی علامت ہے، ایوان عزم کا اظہار کرتا ہےکہ حکومت اور اپوزیشن بامعنی بحث کریں گے،پاکستان کو اقوام عالم میں ممتاز مقام دلوانے میں ایوان کردار ادا کرے گا۔