کوویڈ -19 ویکسین، روس کو آرڈرز ملنا شروع

387

روسی صدر کے کورونا ویکسین بنانے کے اعلان کے بعد امریکی ریاستوں، ایشیاء اور مشرق وسطیٰ سمیت 20 ممالک نے روسی کوویڈ -19  ویکسین کے آرڈر دینا شروع کردیے۔

روسی دائریکٹر انوسمنٹ فنڈ(آر ڈی آئی ایف) کریل دمتریف نے ویکسین کے اندراج کےاعلان کیلئے منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ویکسین غیر ملکی کمپنی کی شراکت داری سے تیار کی گئی ہے، کمپنی کو پہلے ہی دنیا بھر سے 1 ارب خوراک کے آرڈز مل چکے ہیں۔

کریل دمتریف نے کہا کہ ہم ہرسال ویکسین کی 5 ارب سے زیادہ خوراکیں تیار کرنے کے لئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ آر ڈی آئی ایف ترقی پذیر ممالک کے لئے ایک انسانی امدادی پروگرام پر بھی کام کررہا ہے جس کا مقصد کوویڈ- 19 ویکسین ایسی ریاستوں میں دستیاب کرنا ہے جو اپنا بنانے یا خریدنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔

کریل دمتریف نے مزید کہا کہ غریب ترین ممالک میں ویکسی نیشن مشکل عمل ہےتاہم دنیا بھر کے لوگوں کو ان کی مالی صورتحال سے قطع نظر ویکسین کو یکساں رسائی ملنی چاہئے۔

روس میں’ سپوتنک’ کے نام سےکوویڈ -19 ویکسین دستیاب ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اعلان کیا تھاکہ روس نے دنیا کی پہلی کوویڈ ۔19 ویکسین رجسٹر کرلی ہے۔