بھارت پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہے، میجر جنرل بابر افتخار

327

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخارکا کہنا ہےکہ بھارت پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہے، بھارت خطے عدم اعتماد کی طرف دکھیل رہاہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ عالمی میڈیا نے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیاکشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال معمول کی بات ہے،دنیا کا ہرظلم کشمیریوں پر آزمایا جارہاہے،ایک سال میں 3بار مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں زیر بحث آیا، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر آواز بلند کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا میں اسلحہ خرید نے والے ممالک میں سرفہرست ہے، بھارت اسلحہ کی دوڑ میں شامل ہے، بھارت چاہے فرانس سے 500رافیل طیارے خرید لے ہم ہر وقت تیار ہیں،محدود وسائل سے دشمن کا مقابلہ کرناجانتے ہیں، ہم نے گذشتہ 20سالوں میں بھارت کے تمام عزائموں کو ناکام بنایا۔

انہوں نے مزید کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں ایک سال سے کرفیو نافذ ہے،  بھارت نے لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں پر ظلم ڈھایا،مقبوضہ کشمیر کی قیادت ایک سال سے پابند سلاسل ہے۔

میجر جنرل بابر افتخارکا کہنا تھا کہ ایل اوسی پر مقیم شہریوں کے گھروں میں شیلٹرز بنائے جارہے ہیں،اب تک ایک ہزار شلٹرز بنائے جاچکے ہیں، بھارت نے کورونا کے دوران بھی ایل اوسی پر اشتعال انگیزی جاری رکھی، کسی بھی وقت یہ لاوا پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشحال بلوچستان مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے،بلوچستان میں پانی کی قلت دور کرنے کے لیے کام جاری ہے، کورونا کا خطرہ ابھی منڈلارہاہے، کورونا کے خلاف کامیابی عوامی تعاون کے بغیر ناممکن تھی، فرنٹ لائن ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ بہت بڑی کامیابی ہے، آپریشن ردالفساد میں ایک لاکھ سے زائد انٹیلی جنس آپریشن کیے گئے،46ہزار مربع کلو میٹر کا علاقہ دہشت گردی سے خالی کرایا گیا،آپریشن کے دوران 18ہزار سے زائد دہشت گردوں کا مارا گیا، 4ہزار ٹن بارود ی مواد اور 70ہزار سے زائد اسلحہ برآمد کیا گیا، پاک ایران بارڈر پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں امن افغانستان میں امن سے منسلک ہے، پاک افغان بارڈ پر 1700کلومیٹر پر باڑ لگانے کاکام مکمل کرلیا ہے،  افغانستان اور ایران سے پاکستانی سرحدوں پر دیر پا اقدامات کیے جارہے ہیں،پاکستان کی جانب سے عالمی مبصرین کو ایل او سی پر جانے کی اجازت ہے، افغان مہاجرین کی وطن واپسی کےلیے پر امید ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت عوام کو سعودی عرب سے تعلقات پر فخر ہے،سعودی عرب سے تعلقات بہترین ہے جو بہتر رہینگے ،پاک سعودی تعلقات پر سوال اٹھانے کی ضرورت نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ احسان اللہ احسان سے متعلق مبینہ آڈیو ٹیپ میں الزامات بالکل بے بنیاد ہیں ، افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

انہوں نےبھارتی جاسوس کلبھوشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ کلبھوشن کے ہاتھ معصوم پاکستانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، کلبھوشن بھارتی ایجنٹ تھا جو پاکستان میں خونریزی چاہتا تھا، کلبھوشن سے متعلق ہم عالمی قوانین کی پاسداری کررہے ہیں۔