مشیر تجارت نے بجلی بحران کےخاتمہ کاکریڈٹ نواز شریف کو دیدیا

299

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے بجلی بحران کے خاتمے کا کریڈٹ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کو دیدیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعبدالرزاق داؤد نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورمیں بجلی گھر لگانے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی،چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت سابقہ دور میں پاور پلانٹس لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،سی پیک پر کام رکا نہ ہی سست روی کا شکار ہوا،سب کو بتانا چاہتے ہیں سی پیک پر تیزی سے کام جاری ہے۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت اگلے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری کا فوکس اب صنعتوں اور زراعت کے فروغ پر ہے۔

مشیر تجارت کا کہنا تھاکہ ایران کے ساتھ بارڈر مارکیٹس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، افغانستان کے ساتھ بارڈر مارکیٹس قائم کرنے کا عمل جاری ہے، ایران پر عالمی پابندیاں تجارتی تعلقات کے فروغ میں رکاوٹ ہیں، پابندیوں کے باعث ایران کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے میں پیشرفت نہیں ہورہی۔