پنوں عاقل‘ نوشہرہ میں خاندانی تنازع پر15افراد قتل(ہری پورمیں افغان گروپوں میں تصادم7ہلاک)

195

پنوعاقل/ ہری پور/ نوشہرہ (نمائندہ جسارت/ خبر ایجنسیاں) پنوعاقل، ہری پور اور نوشہرہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران22 افراد قتل اور 11زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع سکھرکی تحصیل پنوعاقل کینٹ تھانے کی حدود میںواقع گاؤں محمد حسن اندھڑ میں جنونی شخص وہاب اللہ اندھڑ نے مبینہ طور پر اپنے 2 بیٹوں کی مدد سے اپنے گھر کی 6 خواتین اور5 بچوں کو قتل کردیا‘ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا‘ وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی‘ پولیس ذرائع کے مطابق ایک شخص وہاب اللہ نے تیز دھار آلے سے اپنی بیوی مسمات رقیہ، 3 بیٹیوں اقرا ، آسرہ، ثریا حاجانی ، 3 بیٹوں4 سالہ محمد احسن،3 سالہ محمد اسد، 19 سالہ بہو مسمات نسیم زوجہ حبیب اللہ، پوتی بی بی نازیہ اور پوتے علی شیر سمیت گھر کے 11 افراد کو اس وقت قتل کردیا جب وہ گھر میں سو رہے تھے اور گھر کے دیگر افراد جب اٹھے تو ان 11 افراد کو مردہ حالت میں پایا‘ واقعے کی اطلاع پولیس کو دی ‘ پولیس نے ملزم اور اس کے2 بیٹوں کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم وہاب اللہ نے گھر کے افراد کو پہلے نشہ آور شے کھلا کر بے ہوش کیا اور بعد ازاں اپنے بیٹوں کی مدد سے قتل کیا۔ ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کے مطابق ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے تاہم اس سے تفتیش کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے پنوعاقل کے دلخراش واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ مجاہد چنا سیکرٹری اطلاعات ، جماعت اسلامی سندھ کے جاری کردہ ایک بیان میں امیر صوبہ سندھ نے کہا ہے کہ پنو عاقل میں ایک ہی خاندان کے11 افراد کا قتل انسانی المیہ ہے‘ واقعے کی تحقیقات کرکے اصل حقائق سے قوم کوآگاہ کیا جائے۔ جماعت اسلامی سندھ نے متاثرہ خاندان سے دلی اظہار ہمدردی اور مرحومین کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ جبکہ ہری پور میں افغان مہاجرین کے 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ سے7 افغان مہاجر جاں بحق جبکہ ایک راہگیر سمیت8 شدید زخمی ہوگئے‘ کھلابٹ کے علاقے چاندنی چوک کے ڈاک خانے پر واقعہ بجلی کے بل کے تنازع پر پیش آیا۔ وقوع کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورریسکیو 1122کے اہلکارمو قع پرپہنچ گئے جنہوںنے زخمی اورجان بحق افراد کو ٹراما سینٹر ہری پورمنتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 5 افراد کا تعلق ایک ہی گروپ سے ہے جبکہ دوسری جانب سے2 افراد جاں بحق ہوئے‘ پولیس نے6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ افغان مہاجرکیمپ پڈھانہ کی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ۔ تیسرا واقعہ نوشہرہ اکبر پورہ کے نواحی علاقے کیمپ کورونا میں پیش آیا‘ جہاںجائداد کے تنازع پر ماموں کی فائرنگ سے 2 جواں سالہ بھانجوں سمیت 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیاگیا۔3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق والدہ کی وراثتی جائداد میں حصہ مانگنے پر ماموں اور بھانجوں کی ناراضگی چلی آرہی تھی‘ماموں نے جائداد کی زمین تقسیم کرنے کے بہانے سب کو بلایا اور گھات لگاکر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔