حکومت کادوسالہ عرصہ عوامپر قہر بن کرنازل ہوا ہے ،جے یوپی

97

لاہور (نمائندہ جسارت)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی رہنما پیر محمد محفوظ مشہدی اور جے یو پی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سردار محمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا دوسالہ عرصہ اقتدار عوام پر قہر بن کر نازل ہوا ہے۔ عوام ضرورت کی بنیادی اشیاء سے محروم ہوچکے ہیں ۔ سلیکٹڈ حکومت نے لوگوں کی خوشیاں بھی چھین لی ہیں۔ مدینہ کی ریاست قائم کرنے کا دعویٰ کرنے والوں نے لوگوں سے آ خری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام پر مسلط کی گئی،سول بالادستی کہیں نظر نہیں آرہی، سیاسی معاملات غیر سیاسی قوتوں کے کنٹرول میں ہیں۔ عمران خان صرف نام کے وزیراعظم ہیں،اقتدار کا مرکز کسی اور کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عوامی جمہوری حکومت کی ضرورت ہے، جو امت مسلمہ کے لیے مسائل کو بھی حل کر سکتی ہو۔ تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی کام کرنے دیا جائے، وزارت خارجہ میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔ عوام کی خوشیاں چھین لی گئی ہیں۔ چینی، آٹا، گندم،اور پیٹرولیم اسکینڈلز نے عوام کا کچومر نکال کر رکھ دیا ہے۔ اب تک کرپشن کا بازار گرم ہے۔ قومی ترقی کے اشارے منفی سمت جارہے ہیں،حکومت نان ایشوز میں عوام کو الجھا کر اصل مسائل میں الجھا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹا نا چاہتی ہے۔