سندھ حکومت نے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی

215

کراچی: سندھ کابینہ نے کراچی میں کیماڑی ٹاؤن کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا،جس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکریٹری اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی،اجلاس کے دوران وزیراعلی سندھ  نے کابینہ ارکان کو اسلام آباد میں ہونے والے مشاورتی اجلاس پر بھی اعتماد میں لیا۔

 ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق سندھ کابینہ نے کراچی میں کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے، کیماڑی ضلع میں سائیٹ، بلدیہ، فش ہاربر اور ماڑی پور کے علاقے شامل ہوں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی کا ضلع غربی آبادی کے لحاظ سے پورے سندھ میں سب سے بڑا ضلع ہے،اس کی کل آبادی 39 لاکھ 14 ہزار 757 ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ وزراء نے خیرپورکو بھی 2 ڈسٹرکٹس میں تقسیم کرنے کی تجویزدی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ضلع جنوبی کوڈسٹرکٹ کراچی کا نام دیا جائے، اس طرح کراچی کے اضلاع کو وہاں کے مشہور ایریاز کے نام دیئے جائیں اور یہ میری رائے ہے، اس پر ہمیں تجاویز دی جائیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں 6 اضلاع شرقی، غربی، وسطی، جنوبی، ملیراورکورنگی ہیں، کیماڑی ضلع کے قیام کے بعد شہر کے کل اضلاع کی تعداد 7 ہوجائے گی۔