نواز شریف کو واپس لانا ضروری ہوگیا ہے، شبلی فراز

368

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے ذریعے برطانوی حکومت سے درخواست کی جائے گی کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف کو واپس بھیجا جائے کیوں انہیں واپس لانا ضروری ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن ایف اے ٹی ایف معاملے پر بھی سیاست کررہی ہے، فیٹف کی بلیک لسٹ میں آئے تو نقصان عوام کا ہوگا، اکتوبر میں فیصلہ ہوگا کہ پاکستان میں گرے لسٹ میں رہے گا یا بلیک لسٹ میں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی ملک بلیک لسٹ میں آتا ہے تو بین الاقوامی تجارت مہنگی ہوجاتی ہے، قرضوں پر شرح سود بڑھ جاتی ہے، بیرونی سرمایہ کاری ملک میں نہیں آتی، ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوگا، جس سے عوام کو تکلیف پہنچے گی، یہ سب جانتے ہوئے بھی اپوزیشن اس پر سیاست کررہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کو ناکام کرنا چاہتی ہے، چاہے ملک کا نقصان ہو جائے، ان کو اس کی کوئی پرواہ نہیں، انہیں صرف اپنے لوٹے ہوئے پیسے کو بچانے کی پرواہ ہے، اپوزیشن فیٹف قوانین کو استعمال کر کے این آر او لینا چاہتی ہیے۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک اور عوام کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں، ان کی نیت صاف  ہے ، حکومت کی کورونا وائرس سے متعلق پالیسی سے دنیا حیران ہے،اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ درست تھا۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزارت خارجہ کے ذریعے برطانوی حکومت سے درخواست کی جائے گی کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف کو واپس بھیجا جائے کیوں انہیں واپس لانا ضروری ہوگیا ہے۔