الخدمت خواتین کو تکنیکی تربیت بلا معاوضہ دیتا ہے، زراشفاں

164

لاہور (نمائندہ جسارت) الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی پروگرام منیجر زرافشاں فرحین نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ خواتین کو خود کفیل بنانے اور باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ خواتین کو ناصرف ٹیکنیکل ٹریننگ بلا معاوضہ دیتاہے بلکہ ان کو عملی زندگی میں کردار ادا کرنے کے لیے وسائل بھی فراہم کرتا ہے تاکہ خواتین اپنے خاندا ن کی کفالت کرنے کے قابل ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر انتظام ’’مواخات پراجیکٹ‘‘ خواتین کے لیے فراہمی روزگار اسکیم کے تحت کورونا وبا سے متاثرہ معاشی طور پر پریشان ہنر مند بچیوں اور مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کی ذمے داران صبا ثاقب، کرن عامر، عصمت ناہید، خالدہ اشرف و دیگر بھی موجود تھیں۔ زرافشاں فرحین کا کہنا تھا کہ خدمت خلق سے دلی سکون ملتا ہے، اسی لیے الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی سیکڑوں رضا کار اپنی گھریلو ذمے داریاں پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے خلق خدا کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔