کے الیکٹرک نے شہریو ں کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا، حافظ نعیم

280

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حالیہ بارشوں کے دوران ایک بار پھر کے الیکٹرک کی نااہلی و ناقص کارکردگی کے باعث شہر بھر میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے قبل از وقت آگاہی کے باوجود بارش کے ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 400سے زائد فیڈر ٹرپ ہونا اور بقیہ فیڈر دانستہ طور پر بند کرنا کراچی کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ طوفانی بارش کے دوران جب شہری اپنی جان و مال بچانے کی کوشش کررہے تھے عین اس وقت شدید حبس اور گٹھن کے ماحول میں کے الیکٹرک کی جانب سے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہوگئے تھے۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی حکومت تمام صورتحال کے باوجود آخر کیوں کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ نہیں کرتی؟۔

امیر جماعت اسلامی کراچی گزشتہ بارشوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے کے سبب شہری رات سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سونے میں مجبور تھے جب کہ کے الیکٹرک کی روایتی نااہلی و ناقص کارکردگی شہریوں کے لیے عذاب بنی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک جس نے معاہدہ نج کاری کے کسی ایک شق پر بھی عمل نہیں کیا،نہ سرمایہ کاری کی اور نہ ہی بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا، اس لیے اب ضروری ہے کہ حکومت بدترین کارکردگی اور معاہدہ کی خلاف ورزی کی بنیاد پر فوراً لائسنس منسوخ کرے، کے الیکٹرک کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور شہر میں بجلی کی ترسیل بہتر بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے۔