سول ایوی ایشن نے نئی ایس او پیز جاری کردیں

413

اسلام آباد : سول ایوی ایشن(سی اے اے)  نے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلیے کوروناوائرس کی وبا سے بچنے کے لیے  نئی ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے میں داخلے سے قبل محکمہ صحت اہلکار مسافروں کا ٹیسٹ اور انٹرویو کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی ایس او پیز کااطلاق 26 اگست 2020 سے 31 اکتوبر تک ہوگا، سی اےاے کے ڈائریکٹر ایئرٹرانسپورٹ نے نئی ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایئر لائنز، ایئر کرافٹ آپریٹرز، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنٹس  کو ایس اوپیز کے عمل کو یقینی بنانا ہوگا۔

سی اےاے کا مزیدکہناتھا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کے لئے ہر قسم کے پروٹوکول پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے ، مسافروں کو صرف روانگی لاؤنج کے سامنے ڈراپ کیا جا سکے گا۔

نوٹیفکیشن میں مزید واضح کیا گیا کہ  پرواز کی روانگی سے قبل طیاروں کو جراثیم کش اسپرے سے ڈس انفیکٹ کیا جائے گا اور فضائی میزبان پی پی ای کٹس سرجیکل ماسک اور دستانوں کا لازمی استعمال کرے گا۔

طیارے کی پروازروانگی سے قبل مسافروں کی فہرست ایئر پورٹس منیجرز کو لازمی فراہم کی جائےگی،انٹرنیشنل پرواز کے مسافروں کا ہیلتھ ڈیکلریشن فارم متعلقہ ایئرلائن کی ذمہ داری ہوگی، طیاروں میں مسافروں کو مکمل ایس اوپیز کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔

طیاروں میں مسافروں کو سماجی فاصلے کے مطابق ایک سیٹ چھوڑکر بٹھایا جائے ، دوران پرواز ماسوائے کھانے کے سرجیکل ماسک پہننا بھی لازم ہو گا۔

سی اےاے نے پائلٹ، فرسٹ آفیسر،فضائی عملےپربھی دوران پرواز سرجیکل ماسک،دستانوں کا استعمال لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واش روم استعمال کے بعد فضائی میزبان ڈس انفیکشن اسپرے لازمی کریں گے۔