پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ ڈرا، سیریز انگلینڈ کے نام

664

ساٶتھمپٹن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا تیسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا، جس کے بعد انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن کا کھیل بھی بارش اور خراب موسم کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، میچ مقامی وقت کے مطابق 4 بجے کے بعد شروع ہوا۔

میچ کے لیے 42 اوورز مقرر کیے گئے، کھیل شروع ہونے کے بعد چھٹے اوور میں انگلش پیسر جیمی اینڈریسن نے پاکستانی کپتان اظہر علی کو آؤٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 600 وکٹیں مکمل کرلیں۔

31 کا اسکور مکمل کرکے اظہر علی اینڈریسن کی بال پر روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد اسد شفیق بھی جلد ہی آٶٹ ہوگئے، اسد شفیق 21 رنز بناکر جوئے روٹ کی گیند پر آٶٹ ہوئے، اس اثناء میں بابر اعظم نے اپنی نصف سینچری بھی مکمل کی۔

قومی ٹیم چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے کہ میچ کا نتیجہ نہ آ سکنے کے باعث دونوں ٹیموں کی باہمی رضامندی سے میچ مقررہ 15 اوورز پہلے ہی ختم کردیا گیا، اس طرح میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 583 رنز کا مشکل ترین اسکور کیا جس کے جواب میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 273 رنز تک ہی محدود رہی۔ کپتان اظہر علی اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

ہدف کے تعاقب میں  273 پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہونے والی پاکستانی ٹیم  چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں بار بار موسم کی مداخلت کے بعد دو وکٹوں کے نقصان پر صرف 100 کا اسکور مکمل کرسکی۔