حکومت نے گزشتہ سال کتنا قرضہ واپس کیا، تفصیلات سامنے آگئیں

747

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال 2019-20 میں 10 ارب 14 کروڑ ڈالر کا قرضہ واپس کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اکنامک افیئر ڈویژن کی دستاویزمیں گذشتہ مالی سال بیرونی قرضوں کی واپسی کا تخمینہ 10 ارب 42 کروڑ ڈالر لگایا گیا تھا، تاہم 10 ارب 14 کروڑ ڈالر کا قرضہ واپس کیا گیا ہے۔

اتارے گئے قرض میں 8 ارب 33 کروڑ ڈالر اصل ادھار اور ایک ارب 80 کروڑ ڈالر سود شامل ہے۔

دستاویز کے مطابق 20-2019 میں 4 ارب 40 کروڑ ڈالر کا غیر ملکی کمرشل قرضہ واپس کیا گیا اور 2 ارب 21 کروڑ ڈالر غیر ملکی اداروں کو واپس کیے گئے جبکہ بیرونی ممالک سے لیا گیا 72کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا قرض بھی ادا کیا گیا۔

دستاویز میں کہا گیا کہ حکومت نے ایک ارب ڈالر سکوک بانڈز کی مد میں بھی واپس کیے۔