دوطرفہ کرکٹ سیریز کیلئے اب بھارت سے بات نہیں ہوگی، چیئر مین پی سی بی

251

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین احسان مانی  نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی سیاسی صورتحال معمول پر آنے کے بعد ہی پاک بھارت کرکٹ کی بحالی پر بات ہو گی،بات چیت کے لیے دونوں ممالک کے سیاسی معاملات نارمل ہونا ضروری ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو میںپی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی سیاسی صورتحال معمول پر آنے پر ہی پاک بھارت کرکٹ کی بحالی پر بات ہوگی، دونوں بورڈز کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت کا آغاز نہیں ہورہا ۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بات چیت کیلیے دونوں ممالک کے سیاسی معاملات نارمل ہونا ضروری ہیں، ماضی میں کئی بار سیریز کے حوالے سے بھارت سے بات ہوئی اب معاملہ انہی کے ہاتھ میں ہے ۔

احسان مانی نے واضح کیا کہ بھارت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی لیگ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق حکومتی مداخلت نہیں ہونی چاہئیے،اس لیے اب آئی سی سی کو بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارتی بورڈ کے ہاتھ میں کچھ نہیں،جبکہ پاکستان میں بورڈ حکام کو ایسے ایشو کا سامنا نہیں ۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ وہ بھارتی بورڈ کے صدر سے پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شامل کرنے کی درخواست بھی نہیں کریں گے ۔