سینیٹر سراج الحق کا موٹروے واقعہ کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

360

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نےاعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی موٹروے واقعہ کے خلاف 17ستمبر کو وزیر اعلیٰ ہاؤس پنجاب کے سامنے دھرنا دے گی، یہ حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں،جس حکومت کے دور میں معصوم بچیوں ،ماﺅں بہنوں اوربیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہ رہیں اللہ تعالیٰ بھی اسے زیادہ مہلت نہیں دیتا،موٹروے پر خاتون سے زیادتی یہ پہلا واقعہ نہیں ،یہ ملک بھر میں ہونے والے واقعات کا تسلسل ہے لیکن حکومت سوئی ہوئی ہے، جماعت اسلامی ان واقعات پر خاموش نہیں رہ سکتی،اب اس ظلم و جبر اور استحصال کے نظام کو ختم ہونا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ سیاسی ،انتخابی اور تربیتی ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ ملک میں ایک طویل عرصے سے مالی،سیاسی،نظریاتی کرپشن ہے،ہر طرح کی کرپشن پہلے بھی تھی اور اب بھی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،کرپشن فری پاکستان ہمارا ہدف ہے اور ہم بہترین آپشن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ملک کے نظریے اور جغرافیہ سے بے وفائی کی ہے،جہاں بھی جماعت اسلامی کو نمائندگی ملی وہاں کے عوام اس کی کارکردگی پر فخر کرتے ہیں، 12ربیع الاول کے مبارک دن سے ملک میں نظام مصطفی ﷺکے نفاذ اور سود کے خاتمہ کی تحریک شروع کرے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں یہاں ووٹر آزاد نہیں ہے، یہاں جمہوریت نہیں ہے،یہاں پورا نظام یرغمال ہے،پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور پی ٹی آئی مکمل نا کام ہوئی ہے،پی ٹی آئی صرف دو سال میں ناکامی کے ورلڈ کپ کی حق دار بن چکی ہے، ہم کسی بھی ایسی تحریک اور کوشش کا ساتھ نہیں دیں گے جس سے پھر یہی لوگ اقتدار میں آ جائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اب جہاں ظلم ہو گا وہاں جماعت اسلامی اس کو چیلنج کرے گی،قومی اور لوکل مسائل پر عوام کی زور دار نمائندگی کا حق ادا کریں گے،انہوں نے کارکنوں کوہدایت کی کہ  بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ جنرل الیکشن کی تیاری کریں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پشت سے سہارادینے والے ہاتھ پیچھے ہٹتے ہی یہ حکومت کسی خستہ عمارت کی طرح دھڑام سے زمین بوس ہو جائے گی،ایوب خان نے بھٹو، ضیاءالحق نے نواز شریف اور جنرل پاشا نے عمران خان کو لیڈر بنایا،یہ کسی نظریے ، اہلیت یا عوامی حمایت کی بنا پر لیڈر نہیں بنے ۔

انہوں نے کہا کہ فوجی گملوں میں پھلنے پھولنے والے ملک کے نظریے اور جغرافیے کی حفاظت نہیں کرسکے ۔بھٹو نے آدھا پاکستان گنوایا اور موجودہ حکومت کے دور میں کشمیرپاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا اور بھارت نے اس پر مستقل قبضہ کرلیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں ،پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت بچانے اور ن لیگ نیب کے مقدمات سے جان چھڑانے کیلئے ہاتھ پاﺅں مارہی ہے، ملک پر مسلط ظلم و جبر اوراستحصالی نظام سے نجات کا صرف ایک راستہ ہے اور وہ اسلامی نظام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کامقصد قوم کو متحد کرکے ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے ۔ہم ریاست اور حکومت کو شریعت کی پابند بنانا اور ایسی اسلامی حکومت چاہتے ہیں جو قرآن وسنت کے احکامات کو عملی طور پر نافذ کرسکے تاکہ انسانوں پر انسانوں کی خدائی کو ختم کیا جاسکے ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کسی کا معاشی استحصال نہ ہو ،دولت کی منصفانہ تقسیم ہو اور تعلیم صحت روز گار اور انصاف کی جو سہولتیں امراءکو حاصل ہیں وہی غریبوں اور پسے ہوئے طبقہ کو میسر ہوں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں شاندار اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہونے والا ہے، پاکستان کا قیام اور مختصر عرصہ میں ایٹمی قوت بننا اللہ تعالیٰ کا معجزہ ہے،اللہ تعالیٰ پاکستان کو ضائع نہیں کرے گا اور پاکستان اپنے قیام کے مقصد میں ضرور کامیاب ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی حقیقی جمہوری اور کرپشن فری جماعت ہے،ہمیں جہاں بھی اقتدار ملا ہم نے ڈلیور کرکے دکھایا،اگر یہاںجمہوریت، پولنگ اسٹیشن اور ووٹر آزاد ہوتا توا ٓج ملک طرح طرح کے بحرانوں سے دوچار نہ ہوتا،ہم حکومت یا نیب سے ڈرنے والے نہیں،عوام کے حقوق کیلئے ظالم کے گریبان کو پکڑیں گے ۔