موجودہ حکمران ہرمحاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ،جاوید قصوری

78

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موٹروے سانحہ پر جس انداز میں حکمرانوں کی نااہلی کھل کر سامنے آئی اور ابھی تک پولیس تمام ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے اس سے عوام میں عدم تحفظ پھیل رہا ہے۔ 17 ستمبر کو وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر ہونے والے دھرنے میں مرد وخواتین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پورے صوبے میں جرائم کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے۔ پاکستان کو ریاست مدینہ جیسی ریاست بنانے کا دعویٰ کرنے والے قوم کو بتائیں کہ کیا یہی فلاحی ریاست ہے جس کا خواب عوام کو دکھایا گیا تھا۔ بدقسمتی سے موجودہ حکمران ہرمحاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ایک طرف عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کچھ بھی محفوظ نہیں رہا، درندے دندناتے پھر رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس دکھائی دیتے ہیں تو دوسری طرف وزراء کا رویہ انتہائی شرمناک اور توہین آمیز ہے۔ اس اہم مسئلے پر بھی سیاست کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کے مجرمان کو اگر قرار واقعی سزا مل جاتی تو آج حالات مختلف ہوتے۔ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، جنگل کا قانون رائج ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ انتخابات سے قبل عمران خان نے پولیس اصلاحات کرنے کا وعدہ قوم کے ساتھ کیا تھا، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ دیگر وعدوں کی طرح یہ وعدہ بھی یوٹرن کی نذ ر ہوچکا ہے۔ اگر حقیقی معنوں میں ملک کو جرائم سے پاک کرنا ہے تو پولیس اصلاحات کا عمل شروع کرنا ہوگا، تھانے جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔