درندوں کے انسانی حقوق نہیں ہوتے، سینیٹر فیصل جاوید

250

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ درندوں کے انسانی حقوق نہین ہوتے، جنسی زیادتی کے ملزمان کو سرعام پھانسی کی سزا دینے پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا اور جنسی درندوں کی پشت پناہی کرنے والوں کو بھی مثالی سزا دینی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر زینب الرٹ بل کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ زینب الرٹ بل کو پاس ہونے میں کافی دیر لگی،بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئےسزاؤں کو مزید سخت کیاجائے گا، اگر پولیس والا جلد کارروائی نہیں کرتا تو اس کےخلاف کارروائی ہوگی۔

 پی ٹی آئی رہنما نےکہاکہ زیادتی کرنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں،درندوں کے انسانی حقوق نہیں ہوتے، سرعام پھانسی اولین ترجیح ہے،انہوں نے کہا کہ سرعام پھانسی کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کیاجائے گا،سرعام پھانسی نہیں ہوتی تو ہمیں نامرد کرنے کی سزا کی طرف جانا ہوگا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زینب کے والد امین انصاری نے کہا کہ بچوں کا مسقتبل محفوظ بنانے کیلئےقانون سازی ضروری ہے،جن کے ساتھ زیادتی ہوئی کیا وہ انسان نہیں ہے۔