وزیر اعظم کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

188

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے  قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ  حکومت  کی انصاف،تعلیم اورصحت کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ، جس میں وزیراعظم کو بچوں اورخواتین کیساتھ زیادتی واقعات، امن وامان ،اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر مکمل بریفنگ دی گئی۔

عمران خان نے  متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اشیائے ضروریہ خصوصاً گندم کی دستیابی یقینی بنائی جائے، سہولیات کی فراہمی کا مقصد غریبوں کی خدمت کرنا ہے،پناہ گاہوں میں آنیوالوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دیوانے ہی بڑے کام کرتے ہیں انسان اشرف المخلوقات ہے اس کو اللہ تعالیٰ نے بڑی صلاحیت دی ہے، کئی مرتبہ ایسا لگا کہ آگے نہیں جاسکتے کوئی دیوار آگئی لیکن اگر ادارے مضبوط اور خواب بڑھے ہوں تو تمام مشکلات سے مقابلہ کرنے کی قابلیت اور صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

عمران خان نے کہاکہ ہمارا مائنڈ سیٹ ایلیٹ مائنڈ سیٹ رہا ہے ہمارے پیچھے رہ جانے کی وجہ بھی یہی ہے کہ سارے فیصلے ایک چھوٹے طبقے کی فلاح کیلئے ہوتے ہیں کورونا میں مجھے ہر کوئی مکمل لاک ڈاﺅن کا مشورہ دے رہا تھا کسی نے یہ نہ سوچا کہ غریب دیہاڑی دار طبقے کا کیا بنے گا چھوٹا سا طبقہ اپنا سوچ رہا تھا کہ میرے لئے لاک ڈاﺅن کچھ بھی نہیں ہے میں آرام سے گھر بیٹھ جاﺅں گا ، سرکاری ملازمین کی تو چھٹی تھی وہ آرام سے گھر بیٹھ کر تنخواہیں لے رہے تھے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ  نریندر مودی نے بھی یہ نہ سوچا آج ہندوستان میں اللہ کا عذاب آیا ہوا ہے دنیا میں سب سے زیادہ ہندوستان کی معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔نریندر مودی نے 4گھنٹے کے نوٹس پرپورا ملک بند کردیا اور غریبوں کا سوچاہی نہیں کہ وہ بھی انسان ہیں ۔