موٹر وے اور تونسہ میں خواتین کی بے حرمتی ، صوبائی حکومت کی نااہلی ہے ،جاوید قصوری

115

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور اور پنجاب میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ ہونے والے لرزہ خیز واقعے کیخلاف وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر آج عظیم الشان عوامی احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ اہل لاہور حکومت کی بے حسی اور عام آدمی کی عزت اور جان و مال اور آبرو کی حفاظت کے لیے باہر نکلیں، یہ ہمارا قومی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بدامنی اور لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ لاہور موٹر وے اور تونسہ میں خواتین کی بے حرمتی، صوبائی حکومت کی نااہلی اور نالائقی کا کھلا ثبوت ہے۔ حکمران اگر عوام کو امن و انصاف اور تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو انہیں برسر اقتدار رہنے کا بھی کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور جیسے شہر کی سڑکیں غیر محفوظ ہوچکی ہیں۔ وزیر مواصلات اپنی نااہلی اور ناکامی چھپانے کے لیے ڈھٹائی کا مظاہرہ کررہے ہیں، انہیں چاہیے کہ فوری استعفا دیں۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادتی کیس کا ٹرائل سپیڈی ہونا چاہیے تاکہ کوئی شخص دوبارہ اس گھنائونے جرم کا ارتکاب کرنے کی جرأت نہ کرے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں جاری فرسودہ نظام میں موجودہ سقم سے فائدہ اٹھا کر مجرمان بچ نکلتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی سزائوں کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے یہ خواتین کی عفت و عصمت کا تحفظ، معاشرے میں اصلاح اور جرائم کے خاتمے کے لیے ضروری ہے۔ اسلامی نظام ہی ہمارے مسائل کا واحد حل اور تحفظ کا ضامن ہے۔