بنگلور: بھارت فلم انڈسٹری سے وابستہ ارداکارہ ‘سنجنا گلرانی’ نے اسلام قبول کر کے اپنا نام تبدیل کرلیا۔
بھارتی میڈیانے انکشاف کیا ہےکہ معروف اداکارہ سنجنا گلرانی نے دو سال قبل اسلام قبول کیا اور اپنا نام تبدیل کر لیے ماہرہ رکھا، انہوں نے چند وجوہات کی بنا پر تبدیل مذہب کی بات کو پوشیدہ رکھا ہوا تھا البتہ اب اُن کا قبولِ اسلام کا تصدیق نامہ منظر عام پر آگیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دارالعلوم شاہ ولی اللہ کےمہتمم کا کہنا تھا کہ ‘اداکارہ نے 9 اکتوبر 2018 کو اسلام قبول کیا، انہیں کرناٹک محکمہ شرعیہ کی جانب سے قبولِ اسلام کا تصدیق نامہ بھی فراہم کیا گیا تھا’۔
تصدیق نامہ کے مطابق ارچنا منوہر گلرانی بنت منوہرگلرانی عمر 31 سالہ نے بغیرکسی جبر کے با رضا و رغبت اللہ کے ایک ہونے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو آخری نبی ہونے کو مان کر کلمہ شہادت پڑھ کر دین اسلام قبول کیا ہے۔
اس تصدیق نامہ پرسنجنا گلرانی کے دستخط اور دو گواہ امتیاز اور اسلم پاشاہ کے نام، پتے، دستخط اور فون نمبر بھی موجود ہیں۔
یاد رہےکہ بھارت میں تبدیلی مذہب کیلیے عدالت سے بیانِ حلفی بنوا کرجمع کرایا جاتا ہے جس کے بعد قبولِ اسلام ہوتا اور پھر تصدیق نامہ جاری کیا جاتا ہے۔