نئی دہلی: بھارت میں رہ کر چین کیلیے جاسوسی اور حساس خفیہ معلومات چینی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو فراہم کرنے کے الزام میں فری لانس صحافی راجیو شرما کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق فری لانس صحافی راجیو شرما بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا رہائشی ہے، حساس خفیہ معلومات چینی انٹیلیجنس ایجنسیوں کو فراہم کرنے کے الزام میں اسے رواں ہفتے ہی گرفتار کیا گیا۔
بھارت نواز میڈیا کے مطابق راجیو شرما گزشتہ کچھ برسوں سے چینی خفیہ اداروں کے لیے جاسوسی کے کام میں مصروف تھا۔
ایجنسی کی رپور ٹ کے مطابق اگر 61 سالہ شرما پر یہ الزامات ثابت ہو گئے تو اسے چودہ سال تک کی سزائے قید سنائی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ شرما کی رہائش گاہ سے اہم خفیہ دستاویزات بھی ضبط کر لی گئی ہیں جبکہ تفتیش کرنے پر راجیو شرما نے انکشاف کیا کہ وہ خفیہ اور حساس معلومات خریدنے کے عمل میں ملوث رہا ہے۔
نئی دہلی کے ڈپٹی کمشنر پولیس سنجیو کمار یادو نے بتایا ہے کہ شرما کے لیپ ٹاپ سے بھارتی محکمہ دفاع سے متعلق حساس معلومات حاصل کر لی گئی ہیں، راجیو شرما الزام ہے کہ انہوں نے3 ملین بھارتی روپے کے عوض یہ خفیہ معلومات چینی خفیہ اداروں کو فروخت کیں۔
بھارتی پولیس کے اعلیٰ حکام نے اس بات کو بتانے سے گریز کیا ہے کہ شرما نے کس نوعیت کی معلومات چین کو فروخت کی ہیں، ادھر چینی وزارت خارجہ نے بھی اس بھارتی الزام پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
بھارتی میڈیاکاکہنا ہے کہ راجیوشرما نے جو معلومات مبینہ طور پر چین کو فراہم کی ہیں، ان میں بھارت اور بھوٹان کی سرحد فوجیوں کی تعیناتی، دفاعی حکمت عملی، میانمار میں بھارتی فوج کی سرگرمیوں اور دلائی لامہ سے متعلق ہیں۔