خوشخبری! عمرے کو مرحلہ وار کھولنے کا منصوبہ تیار

294

ریاض: سعودی وزیر برائے حج و عمرہ محمد صالح بنتن نے کہا ہے کہ ‘سعودی عرب جلد حفاظتی تدابیر کے ساتھ عمرہ بحال کرنے جارہا ہے’۔

سعودی وزیر برائے حج و عمرہ محمد صالح بنتن نے عمرہ پروگرام یادگار اور آسان تر بنانے سے متعلق عمرہ فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ ‘آئندہ مرحلے میں عمرہ کی کارروائی کے سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کیا جائےگا تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اندرون اور بیرون ملک عمرہ پیکیج جدید شکل میں متعارف کرا سکیں گی’۔

سعودی وزیر نے حج و عمرہ نے مرحلہ وار بحالی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزارت ایک ایپ جاری کرے گی، عمرہ کے خواہشمند افراد اس کے ذریعے اپنی آسانی کو پیش نظر رکھتے ہوئےعمرہ ادا کرنے کی تاریخ اور وقت کا تعین کریں گے جبکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اس حوالے سے اندرون مملکت اور باہر سے عمرےکیلیے آنے والوں کو اپنی خدمات پیش کریں گی۔

محمد صالح بنتن نے بتایا کہ عمرہ پروگرام کے سلسلے میں 30 سے زیادہ سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کام کا موقع دیا جائے گا،عمرہ کمپنیاں آن لائن اپنی خدمات پیش کریں گی اور عمرے پر آنے والوں سے رابطے میں رہیں گی، پہلی تبدیلی اندرون و بیرون ملک سے مسجد نبوی کے زائرین کے حوالے سے کی جائے گی۔

انہوں نے اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ وزارت حج، عمرہ کمپنیوں اور کارکنان کے ساتھ کھڑی ہےتاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے طاقتور اقتصادی گروپ کے طور پرابھریں اور اعلی معیاری خدمات فراہم کرسکیں، عمرہ کمپنیاں اندرون ملک سے عمرہ کرنے والے سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں، جی سی سی ممالک اور دنیا بھر کے عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کریں گی۔

سعود ی عرب عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے اپنی توانیاں وقف کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ 2030 تک سالانہ 3 کروڑ عمرہ زائرین کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب کئی میڈیا رپورٹس  میں اس بات کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمرہ زائر کو عمرے کی درخواست دیتے ہوئے کورونا سے پاک ہونے کا سرٹیفیکٹ دینا ہوگا۔

یاد رہے کہ سعودی وزارت خارجہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت 26 فروری کو عمرے اور مسجد نبویﷺ کی زیارت کیلیےسعودی عرب آمد پر تاحکم ثانی عارضی پابندی لگا دی تھی۔