واشنگٹن : ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کی وزارت دفاع اور اس کے جوہری اور روایتی ہتھیاروں کے پروگرام سے وابستہ افراد پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کی وزارت دفاع، جوہری پروگرام سے وابستہ افراد اور ایرانی سائنسدانوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صدر ٹرمپ کی قومی سلامتی کی ٹیم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران سمیت وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو کےخلاف بھی پابندیوں کا اعلان کیا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے صدر پر پابندی ایران کے ساتھ قریبی تعلقات کے الزام میں عائد کی گئیں ہیں ۔
امریکی وزیر کارجہ مائیک پومپیو نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ’ گزشتہ 2 سال کے دوران میں تہران کے بدعنوان عہدے دار وینزویلا کے غیرقانونی نظام کے ساتھ کام کر رہے ہیں، ہمارے آج کے اقدامات ایران کیلیے ایک انتباہ ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا کی ایران پر عائد کی گئی پابندیوں کے بعد انتظامی حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ کوئی بھی ایران سے روایتی ہتھیار خرید کرے گا، یا اس کو یہ ہتھیار فروخت کرے گا تو وہ امریکی پابندیوں کی زد میں آجائے گا۔