جمہوریت کی بحالی کیلیے الیکشن کمیشن کوآزاد بنانا ہوگا،جاوید قصوری

130

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی پارلیمانی پارٹی لیڈرز سے ملاقات کے دوران سیاسی معاملات میں عدم مداخلت کے حوالے سے دوٹوک اور واضح مؤقف کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملکی تمام ادارے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں تو پاکستان کی سلامتی کو درپیش داخلی و خارجی خطرات سے نمٹنا آسان ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ داخلی انتشار سے صرف اور صرف دشمن قوتوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی یکجہتی کی خاطر حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلے۔ پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ ایک دوسرے کو غدار ٹھہرانا سیاسی ناپختگی اور ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک و قوم جس نہج پر پہنچ چکے ہیں اس میں ماضی کی حکومتوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ کرپشن کرنے والوں کے خلاف زیر و ٹالرنس سے کام لیتے ہوئے تمام لوٹی ہوئی دولت واپس لی جائے۔ پاکستان پر جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کی حکومت قائم ہے۔ محمد جاوید قصور ی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جمہوری نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو ہر قسم کے سیاسی دبائو سے آزاد بنانا ہوگا۔ پوری قوم جانتی ہے کہ انتخابات میں کیسے دھاندلی کی جاتی ہے۔ غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد مضبوط سیاسی استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔