الخدمت فائونڈیشن سکرنڈ کامتاثرہ علاقو ں میں مفت طبی کیمپ کا قیام

111

سکرنڈ(نمائندہ جسارت)دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال اور بعدازاں مختلف امراض کے تیزی سے پھیلنے کے پیش نظر جماعت اسلامی کے ادارے الخدمت فاؤنڈیشن سکرنڈ کی جانب سے مڈمنگلی بند سے ملحقہ گاؤں ملوک چانڈیو اور گوٹھ خدا بخش میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ منعقد کیا گیا۔ جس میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور الخدمت کے کارکنان نے کشتی کے ذریعے متاثرہ مقامات پر پہنچ کر بخار، پیٹ اور جلد کے امراض میں مبتلا 300 سے زائد مریضوں کو مفت چیک اپ اور ادویات مہیا کیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الخدمت سکرنڈ کے صدر کنور راشد مکرم نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں جلدی امراض وبا کی شکل اختیار کرچکی ہے محکمہ صحت نے صوتحال کے سدباب کیلیے اگر فوری طور پر ہنگامی اوربنیادی طور پر اقدامات نہ کیے تو کنٹرول کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر حکومتی سطح پر ڈاکٹرز کی ٹیمیں روانہ کی جائیں ۔ کیمپ میں ڈاکٹر کاشف علی، محمد منیر چانڈیو، اسد راجپوت، کنور عبدالاحد اور سعداللہ آرائیں و دیگر نے خدمات انجام دیں۔