کرپشن ثابت ہوجائے تو میرے مردہ جسم کو لٹکا دیا جائے، شہباز شریف

165

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر ان کےخلاف ایک ڈھیلے کا ثبوت آگیا تو مجھے معاف مت کیجئے گا کرپشن ثابت ہوجائے تو میرے مردہ جسم کو لٹکا دیا جائے۔

لاہور میں لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج 2 سال سے زیادہ ہوگئے ہیں اور اس سلیکٹڈ حکومت اور وزیراعظم سے پاکستان کے 22 کروڑ عوام نہ صرف مایوس ہوگئے بلکہ بیزاری کی انتہا پر ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مجھے غریب عوام کی آواز بن کر بات کرنی ہے، نواز شریف کے دور میں چینی جو 50 روپے کی تھی آج 100 روپے کلو پر ہے،نواز شریف کے دور میں جو آٹا آسانی سے اور کم قیمتوں پر ملتا تھا وہ آج نایاب ہے بلکہ گندم غائب ہوگئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اس بات کو کئی برس گزر گئے ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے فارن اکاونٹ کیس کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا، مسلم لیگ ن پر ناجائز اور غلط الزام لگاکر جو انتقام کی ہوس بجھانے کے لیے کوشش کی جارہی ہے وہ نہیں بھج رہی جبکہ نیازی نیب گٹھ جوڑ نے کیسز کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

رانا ثنا اللہ و شاہد خاقان کے خلاف جو کیس بنایا گیا وہ پوری قوم جانتی ہے جبکہ کس ڈھٹائی سے عمران خان اور ان کے حواری کہتے رہے کہ یہ سچا کیس ہے، اس کے برعکس علیمہ خان کی بیرون ملک جائیدادوں پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا علیمہ خان کو ایف بی آر میں پروٹوکول کے ساتھ بلایا جاتا ہے جبکہ انہوں نے ایمنسٹی سے فائدہ اٹھا کر جائیدادیں ظاہر کیں اور معافی کا فائدہ اٹھایا لیکن آج ہم پر الزام لگاتے ہیں، ہم کوئی دودھ کے دھلے نہیں ہیں بلکہ ناتواں انسان ہیں لیکن نواز شریف کی قیادت میں ہم اور ہماری ٹیم نے دن رات محنت کرکے پاکستان کو بدلا، جس کا گواہ پورا پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا  میرے خلاف کرپشن ثابت ہوجائے تو میرے مردہ جسم کو لٹکا دیا جائے ، قیامت تک بھی اگر میرے خلاف ایک ڈھیلے کا ثبوت آ گیا تو مجھے معاف مت کیجئے گا۔ انہوں نے کہا کہ 56 کمپنیوں میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی ہے۔

معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری جیسا حادثہ خدانخواستہ ہماری معیشت سے ہونے جارہا ہے، جو کچھ ملک میں ہورہا ہے،اس میں بہتری نہیں آئی تو پاکستان کی معیشت کو کوئی نہیں بچا سکے گا، ہم اس پر آواز اٹھاتے رہے ہیں اور آگے بھی رہیں گے، اس کے لیے ہمیں یا مجھے جیل جانا پڑا تو یہ کوئی بڑی قیمت نہیں۔