واشنگٹن: اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر کیلی کرافٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک اور عرب ملک آج یا کل اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے والا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی سفیر کیلی کرافٹ نے کہا کہ ہمارا منصوبہ کہ مزید عرب ریاستیں اسرائیل سے تعلقات استوار کریں ،ہم ان ممالک کا اعلان ہم جلد ہی کرنے والے ہیں جو اسرائیل کو تسلیم کریں گے جبکہ ایک اور ملک آج یا کل میں اسرائیل سے امن معاہدے پر دستخط کرنے والا ہے۔
کیلی کرافٹ نے کہا کہ امید ہے سعودی عرب بھی اسرائیل سے امن معاہدہ کرے گا جس کا امریکا خیرمقدم کرےگا، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
امریکی سفیر نے کہا کہ گزشتہ روز سعودی فرمانروا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو بتایا کہ ان کے ملک نے ایران کی جانب امن کا ہاتھ بڑھایا ہے، تاہم اس کا جواب انہیں مزید دہشت گرد کارروائیوں کی صورت میں ملا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اگست کے مہینےمیں عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل سے امن معاہدے پر دستخط کر کے اپنے تعلقات استوار کرلیا تھا جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی جبکہ فلسطینی قیادت نے معاہدے کو مسجد اقصیٰ کا سودا قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ مراکش، عمان اور سوڈان کے بارے میں امریکی میڈیا میں تواتر سے خبریں گردش کررہی ہیں کہ وہ تل ابیب سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کیلیے پر تول رہے ہیں۔
خطے میں اسرائیلی برتری قائم رکھنے کا امریکی اعلان
واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل کی عسکری برتری قائم رکھنے میں اس کی مدد کرے گا۔
مارک ایسپر نے یہ بات بینی گینٹس کے ساتھ پینٹاگون میں ایک ملاقات کے دوران کہی، ایسپر نے کہا کہ یہ بات امریکی اسرائیلی دفاعی تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے کہ اسرائیل کو مشرقِ وسطیٰ میں حاصل عسکری برتری قائم رہنا چاہیے۔
اسرائیل خطے کا وہ واحد ملک ہے، جس کو امریکا نے ایف 35جنگی طیارے مہیا کر رکھے ہیں۔ اسرائیل نہیں چاہتا کہ امریکا اب متحدہ عرب امارات کو بھی ایسے جنگی طیارے فراہم کرے۔
دوسری جانب اسرائیل سے بحرین کے لیے پہلی براہ راست پرواز بدھ کے روز منامہ پہنچ گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں امن معاہدے پر دستخط کے بعد یہ پہلا فضائی رابطہ ہے۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق اسرائیلی فضائی کمپنی اسریر ائر لائنز کی پرواز تل ابیب سے 3گھنٹے کی پرواز کے بعد منامہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری۔
ادھر بحرین کے ولی عہد شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔