تعلیمی اداراے ایس او پیز پر عمل کریں نہیں تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی

312

کراچی( اسٹاف رپورٹر): وزیر تعلیم سندھ سعید نے کہا ہے کہ 28 ستمبر کے بعد جو بھی سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہا کہ ہم نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایات کی ہے تاہم جوسرکاری یا نجی تعلیمی ادارے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سعید غنی نے کہا کہ کچھ نجی تعلیمی اداروں میں حکومت کے واضح احکامات کے باوجود چھوٹے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں شروع کردی تھی، جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی، پرائیویٹ اسکولز اس سلسلے میں مکمل سپورٹ کریں، اگر کوئی نجی اسکول ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کرتا تو خود ایسوسی ایشن بھی ان کے خلاف ایکشن لیں، ہمارا اولین مقصد بچوں کو اس وبا سے بچانا ہے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی صحت اہم ہے اور صحت کے معاملے پر کسی قسم کا ہم سمجھوتہ نہیں کریں گے، اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، ڈی جی پرائیویٹ اسکولز منصوب صدیقی اور دیگر بھی موجود ہیں۔

اجلاس میں شریک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنزکے عہدیداران نے وزیر تعلیم کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام پرائیویٹ اسکولز نے حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد شروع کردیا ہے، ہم نے اپنے تمام ممبران کو اس حوالے سے واضح پیغام جاری کردیا ہے کہ وہ ایس او پیز کی کوئی خلاف ورزی نہ ہونے دیں، ہم نے تمام نجی اسکولز کی ایسوسی ایشن کے تحت مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کردیا ہے۔

اجلاس میں سعید غنی نے نجی اسکولز ایسوسی ایشن کے مثبت رویے کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت، اسکولز انتظامیہ اور والدین مل کر ہی تمام صورتحال کو بہتر بنا سکتے ہیں۔