نواز شریف پوری قوت کے ساتھ ن لیگ کی قیادت کریں گے،مریم نواز

311

لاہور:مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شہباز شریف  بھائی کا ساتھ دینے پر گرفتار ہوئے، ن لیگ  کی قیادت  نواز شریف ہی کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ شہباز شریف ،نواز شریف اور مریم نوازہم سب ایک ہیں اور ایک رہیں گے، شہباز شریف کو کسی جرم پر نہیں بھائی کے ساتھ کھڑے ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

ن لیگ کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشیدکے10سوالات کومذاق سمجھتی ہوں، ن میں سے  ش نکالنےوالوں کی چیخیں نکل گئی ہیں، نواز شریف اور میرےبیانیے کا بوجھ اٹھانا ہرکسی کے بس کی بات نہیں، جس جس نے ن لیگ کو توڑنے کا سوچا ہے وہ خود تاریخ بن گیا ہے، شہباز شریف کوجیل میں قید کرنےسےتحریک میں مزید جذبہ آئےگا۔

مریم نواز نے مزید کہاکہ مسلم لیگ ن کےپاس لانگ مارچ سمیت بہت سےآپشنزہیں، استعفے پرالیکشن  کرانااتنا آسان نہیں ہے ،ن لیگ میدان میں کھڑی ہوگی ،لڑے گی، حکومت کہتی ہے کہ استعفادیاتوالیکشن کرالیں گے، اس کی مہلت  نہیں ملے گی، اے پی سی کے ایجنڈے کے تحت تحریک پورے جذبے کے ساتھ چلے گی۔

انہوں نے کہاکہ عدلیہ نے بھی کہا کہ نیب سیاسی انجینیرنگ  کرنےوالا ادارہ ہے، نیب کو نہ بی آر ٹی نظر آتی ہے نہ بسوں میں لگنے والی آگ نظر آتی ہے،نیب کو نہ وزراکی کرپشن اور بنی گالا کااچانک ریگولرائزہونا بھی نظر نہیں آتاہے۔

مریم نواز نے بغیر کسی کا نام لیے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کمزور وکٹ پر مسلط شدہ لوگ ہیں جنہیں  لایا گیا ہے،ا نہیں  نہ حکومت چلانے  کاتجربہ ہے نہ عقل ہےنہ فہم و فراست  ہے،پہلی بار اتنی منہگائی ہوئی،گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کرائی جا رہی ہے ۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ تحریک چلنے کی وجہ سے حکومت ابھی سے خوفزدہ ہے، نوازشریف کےدل کی ایک سرجری ہوناباقی ہے، علاج مکمل ہوتے ہی نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے۔

ن لیگ کی نائب صدر نے  طلال چوہدری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ طلال چوہدری کامعاملہ ذاتی نوعیت کاہے۔